• news

گال ٹیسٹ: سری لنکا 300 پر آئوٹ‘ پاکستانی بیٹنگ ناکام‘ 118 رنز پر آدھی ٹیم واپس

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر )سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے جہاں میزبان ٹیم کے 300 رنز کے جواب میں پاکستان کی آدھی ٹیم 118 رنز پر پویلین لوٹ چکی ہے۔پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو صرف 11 رنز پر دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد پویلین لوٹ چکے تھے۔ابھی پاکستانی ٹیم ابتدائی نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ 35 کے مجموعی سکور پر اظہر علی 8رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کی وکٹ بن گئے۔اس مشکل وقت میں مصباح الحق اور یونس نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھوڑی دیر کیلئے روکتے ہوئے 51 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ دونوں کھلاڑی سری لنکا کے لیے مزید کو خطرہ بنتے، پریرا نے 47 رنز بنانے والے یونس کی وکٹیں بکھیر دیں۔ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کپتان مصباح پرادیپ کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔جب بارش کے باعث جلدس ختم ہوا توپاکستان نے پانچ وکٹ پر 118 رنز بنائے تھے۔ اسد 14 اور سرفراز 15 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔اس سے قبل سری لنکا نے 178 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ بلے بازی شروع کی تو پوری ٹیم 300 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔کشال سلوا کے سوا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ کشال سلوا نے 125 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ اینجلو میتھیوز 19، دنیش چندیمل 23، کتھورووان وتھانگے 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے تین تین جبکہ یاسر شاہ اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ میچ کا پہلا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے دن بھی بارش اور کم روشنی کے باعث کافی اوورز کا کھیل نہیں ہو پایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن