• news

عدالتی فیصلہ ملکی فٹبال کی تاریخ میں یاد رکھا جائیگا : فیصل صالح حیات

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) مخدوم فیصل صالح حیات صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو حق، سچائی اور فٹ بال کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ ملکی فٹ بال کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا جس کے نتیجے میں ریاستی ؑعناصر کی ایما پر کی جانے والی فٹ بال دشمن سازش ناکام ہوئی۔ فٹ بال ہائوس لاہور سے میڈیا کے نام خصوصی پیغام میں صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن مخدوم ٖفیصل صالح حیات نے کہا کہ ۔ابھی ایک دن قبل ہی ارشد خان لودھی اور کرنل (ر) فراست علی شاہ جعلی کانگریس میٹنگ کا انعقاد کرتے ہیں اور خود ساختہ صدر اور سیکرٹری بنتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ چونکہ انہیں پی ایف ایف کانگریس کے 18 ممبران کی حمائیت حاصل ہے اسلئے وہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری بن گئے ہیں۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں یہ دعویٰ بھی دائیر کر رکھا تھا کہ پی ایف ایف کے 30 جون انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ انہیں عناصر نے معزز عدالت سے 17اپریل کو پنجاب فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے سردار نوید حیدر خان کی کامیابی کو رد کرنے کی بھی درخواست کر رکھی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن