امسال پونے 5 ارب زکوٰۃ اکٹھی ہونے کا امکان، گزشتہ سال سے 7 کروڑ کم رہے گی
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک سمیت ملک بھر کے تمام بنک اور مالیاتی ادارے گزشتہ روز (یکم رمضان کو) زکوٰۃ کی کٹوتی کے باعث بند رہے۔ واضح رہے رواں مالی سال کیلئے زکوٰۃ کی کٹوتی کیلئے نصاب 33 ہزار 6 سو 41 روپے مقرر کیا گیا تھا۔ زکوٰۃ کی کٹوتی بنکوں میں صرف سیونگ اکائونٹس پر کی جائیگی اور کرنٹ اکائونٹس اس سے مستثنیٰ ہیں۔ سٹیٹ بنک کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال 2014ء میں یکم رمضان کو زکوٰۃ کی کٹوتی سے 4 ارب 82 کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے۔ امکان ہے کہ اس سال زکوٰۃ کی کٹوتی سے اس مد میں پونے 5 ارب روپے کے لگ بھگ آمدنی ہوگی۔ دریں اثناء بنک بند ہونے کے بعد اے ٹی ایم مشینوں پر لوگوں کا رش رہا جس کے باعث اے ٹی ایم مشینوں نے بھی جواب دیدیا۔