• news

کشمیری حریت رہنماؤں کی گرفتاری سے بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو گئی: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے باوجود عالمی ضمیر نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا دوہرا معیار واضح ہوچکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پاکستان کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ کشمیری حریت رہنمائوں کی گرفتاری سے بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوگئی ہے۔ کشمیر کی تحریک آزادی کراس بارڈر ٹیررزم نہیں، بلکہ دہشت گردی کے مرتکب نریندر مودی اور بھارت ہے، جو آج کھل کر مشرقی پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ نواز شریف اور جنرل راحیل شریف سے کشمیری قوم نے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ بھارت دراصل پاکستان، چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خوفزدہ ہے، جہاں جہاں مسلمان ہیں وہاں مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں۔ انڈونیشیا میں برما کے مسلمانوں کیلئے شیلڈ بنا رہے ہیں۔ ہم حکومت کو برما کے مسئلے پر آواز اٹھانے پر مجبور کرینگے۔ پاکستان آگے بڑھ کر مظلوم کشمیریوں کی مدد کرے۔ مسلمانوں کو اپنے قدموں پر کھڑے ہوکر خود اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردو سائنس یونیورسٹی گرائونڈ گلشن اقبال کراچی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ برمی اور کشمیری مسلمان مظلوم ترین قوموں میں سے ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں کو کوئی پناہ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ سمندر کے اندر ان کی کشتیاں ہچکولے کھا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مجرمانہ خاموشی اختیار کرچکی ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ اللہ کے فضل و کرم سے برمی مسلمانوں کی امداد کر رہی ہے، کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پاکستان کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ وہ کلمہ توحید کی بنیاد پر پاکستان میں ضم ہونا چاہتے ہیں۔ بھارت طاقت کے بل بوتے پر ان کی تحریک آزادی کو روک نہیں سکتا۔ حریت رہنمائوں کی حراست سے بھارت کی بوکھلاہت واضح ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن