غیر رجسٹرڈ این جی اوز پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آئینی پٹیشن دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں غیر رجسٹرڈ این جی اوز پر پابندی عائد کرنے کیلئے آئینی پٹیشن دائر کردی گئی۔ آئینی پٹیشن وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ این جی اوز موجود ہیں جو بیرونی سرمائے کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کر رہی ہیں۔ ان این جی اوز کے باعث پاکستان میں دہشت گردی اور افراتفری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ عدالت حکومت کو این جی اوز پر پابندی اوران کے اکائونٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کرے۔