• news

پاک چین گٹھ جوڑ بھارت کیلئے خطرہ ہے منوہر پاریکر کی نئی درفنطنی ،بھارت تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے، ذمہ داری پاکستان پر ہے : ارون جیٹلی

نئی دہلی/نیویارک (نمائندہ خصوصی+ صباح نیوز) بھارت نے پاکستان اور چین کو اپنے لئے خطرہ ظاہر کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کو خبردار کیا ہے کہ وہ پڑوسی ممالک کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمیشہ تیار رہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک چین گٹھ جوڑ بھارت کے لئے خطرے کا باعث ہے۔ چین میں بھارت مخالف جارحانہ رویہ تبدیل نہیں ہوا اور مستقبل قریب میں چین کی جانب سے فوجی خطرات کا سامنا ہوگا۔ وزیر دفاع نے فوجی حکام سے کہا کہ وہ چین کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے کے باعث اپنی تمام تر حکمت عملی کی تیاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے مقابلے کیلئے کئی موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم تعلقات کو بڑھانے کی ذمہ داری اسلام آباد پر عائد ہوتی ہے۔ تھنک ٹینک کونسل آف فارن ریلیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر حالات کشیدہ ہوتے رہتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے تعلقات میں بہتری کا پیغام دیا جا چکا ہے۔ اب ایسے حالات پیدا کرنے کی ذمہ داری پاکستان کی ہے جن میں تعلقات مزید بہتر ہوں۔ تعلقات میں بہتری کا انحصار دوسری طرف سے آنیوالے اشتعال انگیزی پر بھی ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن