بھارت کا تحریک آزادی کو سبوتاژ کرنے کا نیا منصوبہ‘ مقبوضہ کشمیر میں داعش کے پرچم لہرا دیئے
نئی دہلی،سرینگر( کے پی آئی ) بھارت نے تحریک آزادی کشمیر کوسبوتاژ کرنے کیلئے ایک نئے منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے جس کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کشمیر میں داعش کے پرچم لہرانے کا نیا شوشہ چھوڑا ہے تاکہ تحریک آزادی کو داعش کے ساتھ جوڑ کر عالمی سطح پر اس کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کا جواز بن جائے ۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے اس منصوبہ کے تحت بھارت کی خفیہ اور سکیورٹی ایجنسیو ں نے کام شروع کردیا ہے اور کشمیر کے کئی مقامات پر اچانک داعش کے پرچم اور بینرلگائے گئے ہیں۔بھارتی پولیس نے اس نئے ڈرامہ کا سٹیج تیار کرلیا ہے اور فرضی گرفتاریوں کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں ۔ایک بھارتی سکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی ایس پرچم لہرانے کے الزام میں 12نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سیدصلاح الدین نے بھی واضح کیا ہے کہ کشمیر میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت اس طرح کے دعوے تحریک آزاد ی کو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی حمائت کو زائل کرنے اور تحریک کو بدنام کرنے کیلئے کررہا ہے لیکن بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ماضی کی طرح اس کایہ ہتھکنڈا بھی کشمیریوں کے بلند حوصلوں کے سامنے ناکام ہوگا۔