• news

سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا‘ سرمایہ کاروں کے 27 ارب 95 کروڑ روپے ڈوب گئے

کراچی + لاہور ( مارکیٹ رپورٹر +کامرس رپورٹر ) کراچی سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندا اور کے ایس ای 100انڈیکس 34600 کی نفسیاتی حد سے گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد کمی ہوئی۔ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 54.00 فیصدکم جبکہ 64.85 فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ، سیمنٹ اور پٹرولیم سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 34711 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم کشیدگی اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس پر برقرار نہ رہ سکا اور تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 147.91 پوائنٹس کمی سے 34526.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 95 کروڑ 75 لاکھ 73 ہزار 739 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 74 کھرب 53 ارب 66 کروڑ1 لاکھ18 ہزار 584 روپے ہوگئی۔ دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی مندا رہا۔ مجموعی طور پر 83 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔ 12 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا، 15 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 56 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 47.00 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 5973.76 بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 22 لاکھ 4 ہزار 700 حصص کا کاروبار ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن