طاہر القادری کی29 جون کو واپسی، لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک شروع کر سکتے ہیں
لاہور ( خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری 29 جون کو صبح 7 بجے لندن سے لاہور پہنچیں گے۔ ان کی وطن واپسی کے باضابطہ شیڈول کا اعلان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کی مشاورتی کونسل کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جو ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔ مشاورتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی گئی اور پانی و بجلی کے دونوں وزیروں کو برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ)طاہر القادری ایسے وقت واپس آ رہے ہیں جب ملک میں سیاسی بحران موجود ہے اور وہ توانائی بحران پر قابو نہ پائے جانے کے معاملے پر احتجاجی تحریک شروع کر سکتے ہیں، طاہر القادری بظاہر سیاسی سرگرمیاں عید کے بعد ہی شروع کریں گے تاہم پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ توانائی بحران پر ’’انقلاب مارچ‘‘ دوبارہ شروع کرسکتے ہیں، احتجاجی تحریک رمضان میں شروع کی گئی تو وہ سست روی سے جاری رہے گی اور عید کے بعد تیز ہو جائے گی، رابطہ کرنے پر رحیق عباسی نے کہا کہ ہم پہلے ہی انتباہ کر چکے ہیں کہ رمضان میں لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو عوامی تحریک سڑکوں پر آئے گی، انہوں نے کہا طاہر القادری ایک کامیاب انقلاب مارچ نکال سکتے ہیں تو وہ لوڈشیڈنگ پر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک بھی شروع کر سکتے ہیں، انہوں نے بتایا طاہر القادری 20 رمضان کو پارٹی رہنمائوں کا غیر رسمی اجلاس بلائیں گے، آخری عشرہ میں شہر اعتکاف لگے گا اور عید کے بعد ہی ان کی سیاسی سرگرمیاں شروع ہوں گی تاہم کسی غیر معمولی صورتحال پر رمضان میں ہی احتجاج شروع ہو سکتا ہے۔ سیاسی مبصرین نے اس حوالے سے غیر یقینیت کا اظہار کیا ہے کہ طاہر القادری اس موقع پر سیاسی فورسز کو ساتھ ملائے بغیر سیاسی حالات میں کوئی ہلچل پیدا کر سکیں گے، سیاسی مبصرین نے کہا کہ اس مرتبہ سیاسی ایڈونچر کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔