سرفراز نواز اور شکیل شیخ کے مابین لفظی جنگ میں شدت آ گئی
لاہور (نمائندہ سپورٹس)اسلام آباد کے "ڈبل ایس"سرفراز نواز اور شکیل شیخ کے مابین لفظی جنگ میں شدت آگئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی طرف سے وضاحت کے باوجود سرفراز نواز اپنے موقف پر قائم ہیں۔پی سی بی نے اسلام آباد ریجن کو کلب کرکٹ آرگنائز کرنے کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے کا تحریری بیان جاری کیا لیکن سرفراز نواز کہتے ہیں کہ شکیل شیخ نے تیس لاکھ روپے کے فنڈز کیلئے اپنے دستخط کے ساتھ بورڈ کو خط لکھا تھا۔ میں نے یہ خط اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پیش کیا تھا۔پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریجن کے سربراہ کی حیثیت سے بورڈ کو فنڈز جاری کرنے کیلئے خط لکھا تھا لیکن پی سی بی ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا۔ سبحان احمد وضاحت بھی کر چکے ہیں۔ وہ بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کرکٹ بورڈ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وضاحت کے بعد یہ معاملہ ختم ہو جانا چاہئے لیکن سابق ٹیسٹ کرکٹر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔