حکومت فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے : فیصل صالح حیات
لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات میںعدالتی فیصلے کے بعد بھی مداخلت پر ملک کی اعلیٰ عدلیہ سے ازخود نوٹس کی اپیل کرتا ہوں۔ حکومت پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ پنجاب حکومت کی ایما پر غیر قانونی اور غیر آئینی لوگوں نے فٹبال ہاؤس پر دھاوا بولا۔ ہمارے سٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ خواتین کیساتھ بدتمیزی کی۔ کھلاڑیوں کو ڈرایا دھمکایا‘خوف و ہراس پھیلایا۔یہ غنڈہ گردی و دہشت گردی حکومتی پشت پناہی کے بغیر نہیں ہوسکتی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔غیر قانونی اور پابندی کے شکار افراد نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفتر پر دھاوابولا اور پولیس کو متعدد بار فون کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔کیپٹن محمد صفدر فٹبال فیڈریشن کی صدارت حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر مختلف لوگوں کو ترغیبات دے رہے ہیں۔30 جنوری کوفیڈریشن کا صدر بننے کیلئے پرامید ہوں۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل نے ہمارے سیکرٹری جنرل کو بلا کرکہا تھا کہ کیپٹن محمد صفدر کو فٹبال فیڈریشن کا صدر بنانا چاہتے ہیں اس عمل کے بعد حکومتی مداخلت کا کوئی شک باقی نہیں رہتا۔ الیکشن کا سارا عمل فیفا اور اے ایف سی کے قوانین کے تحت ہوتا ہے۔ارشد لودھی نے پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی مگر وہ شریک نہیں ہوئے۔