بلدیاتی الیکشن میں ناخوشگوار واقعات ہوئے مگر ماڈل ٹائون جیسا قتل عام نہیں کرایا: پرویز خٹک
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری کو ایوان میں جھوٹ بولنے پر سزا ملنی چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن کے دن ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہوگا مگر پنجاب پولیس کی مدد سے ماڈل ٹائون جیسا قتل عام نہیں کرایا۔ ریحام خان پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا الزام بھی بے بنیاد ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے انہیں بلدیاتی الیکشن میں جاں بحق افراد کا قاتل قرار دیا ہے جو غلط الزام ہے۔ ماڈل ٹائون میں پولیس نے قتل کئے اور یہ اسکے ذمہ دار تھے مگر خیبر پی کے میں پولیس نے کسی کو قتل نہیں کیا، عوام کے آپس کے تصادم ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) والے پہلے اپنا احتساب کریں، قاتل یہ خود ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ طلال چودھری نے ریحام خان پر بھی جھوٹے الزام عائد کئے۔ ریحام خان نے آج تک کے پی کے کا ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا البتہ ایک دو مرتبہ جب میں خود اور عمران خان موجود تھے تو ریحام خان نے ہمارے ساتھ وزٹ کیا تھا کیونکہ یہ میرا سرکاری دورہ تھا۔ وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد انکے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔