• news

تفتیش میں تعاون پر ایرانی عسکری قیادت اشتہاریوں کی امریکی فہرست سے خارج

تہران (آن لائن) ایران کی مجلس شوریٰ کی قومی سلامتی وخارجہ امور کی نگران کمیٹی کے رکن اور سرکردہ حکومتی عہدیدار محمد صالح جوکار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے تہران کے جوہری پروگرام کے بارے میں تفتیش میں معاونت کرنے پر ایرانی عسکری قیادت کو اشتہاریوں کی فہرست سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکہ اب 23 کے بجائے صرف 15 ایرانی فوجیوں سے تفتیش کرے گا۔ خبر رساں ایجنسی ’’فارس‘‘ کے مطابق امریکہ کی جانب سے ایران کی عسکری قیادت کو اشتہاریوں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ ایران کی جوہری توانائی کمیٹی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجلس شوریٰ امریکہ کو ان پندرہ حکومتی اور فوجی عہدیداروں سے بھی پوچھ گچھ کی اجازت نہیں دے گی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے ایک سخت گیر رکن کا کہنا ہے کہ مجلس شوریٰ میں ایک نیا مسودہ قانون پیش کیا گیا ہے۔ ’’جوہری حقوق کے حصول میں کامیابیوں کا تحفظ‘‘ کے عنوان سے جمع کردہ مسودہ قانون پر آئندہ ہفتے رائے شماری کا امکان ہے۔ اس مسودہ قانون کے تحت کسی بھی دوسرے ملک کو تہران کے فوجی اور حساس مقامات تک رسائی کی ممانعت اور سائنس دانوں سے ملاقات پر پابندی کی منظوری دی جائے گی۔ قبل ازیں رکن شوریٰ مہر داد بذرباش نے بتایا تھا کہ امریکہ 23 اہم ایرانی عسکری رہنمائوں سے تہران کے جوہری پروگرام کے بارے میں پوچھ گچھ کا ارادہ رکھتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن