پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے بے لاگ احتساب ضروری ہے: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی حالات نے عوام کو ڈپریشن اور فرسٹریشن میں مبتلا کررکھا ہے ۔غربت، مہنگائی، بیروز گاری اور بدامنی کی وجہ سے ہرشہری مایوسی کا شکار ہے، لاکھوں اور کروڑوں میں کھیلنے والوں کا بھی الفاظ ساتھ نہیں دے رہے، ملک میں ایک افراتفری اور اَن دیکھی جنگ ہے جس نے ہر پاکستانی کو پریشان کر رکھا ہے۔ جن عظیم مقاصد کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا انہیں جان بوجھ کر پس پشت ڈالا گیا، انگریز کے پروردہ جاگیر دار اور سرمایہ دار پاکستان پر مسلط ہوگئے جنہوں نے عوام کو شودروں سے زیادہ اہمیت نہیں دی۔ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے۔ مقامی شادی ہال میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب تک کرپشن کو کنٹرول نہیں کیا جاتا ادارے تباہی و بربادی سے دوچار رہیں گے، کرپشن نے پورے سسٹم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کوئی جائزکام بھی رشوت کے بغیر نہیں ہوتا، سرکاری دفاتر میں عوام سارا سارا دن دھکے کھانے کے بعد ناکام و نامراد گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی خرابیوں کی اصل جڑ خدا سے بغاوت اور شیطانی نظام کی پیروی ہے جس نے لوگوں کے دلوں سے ایکدوسرے کی محبت اور احترام کو ختم کردیا ہے اور ہر فرد دوسرے کو دھوکہ دینے اور فراڈ کرنے پر تلا ہوا ہے، عوام کی فلاح و بہبود اور عام آدمی کو ریلیف دینے کا کوئی پروگرام حکمرانوں کے ایجنڈے میں نہیں، حکمران غریب کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لینا چاہتے ہیں، ٹیکسوں اور مہنگائی کے مارے عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو انہی لٹیروں جاگیر داروں اور ساہوکاروں کے چنگل سے نکالنے کی جدوجہد کررہی ہے۔