• news

موجودہ حکومت حج کو کاروبار نہیں بننے دےگی: سردار یوسف

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور میں کرپشن پر ”زیرو ٹالرنس“ ہے۔ مکة المکرمہ اور مدینة المنورہ میں عمارات کو کرائے پر لینے کا عمل ٹرانسپرنٹ ہے۔ اس سال سرکاری حج سکیم کے تحت 50 فیصد عازمین حج کو براہ راست مدینة المنورہ بھجوایا جائیگا جبکہ مدینة المنورہ میں 80 فیصد عازمین حج کو خط ستین کے اندر ٹھہرایا جائیگا۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 15 رمضان المبارک تک حج فلائٹس شیڈول طے کر لیا جائے گا۔ بیشتر عازمین حج کو پی آئی اے سرزمین حجاز لے جائے گی جبکہ سعودی ائر لائنز سمیت دیگر 3 ائر لائنز بھی عازمین حج کو سعودی عرب لے جائیں گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حج فلائٹس کی بروقت روانگی اور واپسی کا اہتمام کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ حکومت حج کو کاروبار نہیں بننے دے گی۔ سرکاری سکیم کے تحت حجاج کو مثالی مراعات دی جائیں گی۔
سردار یوسف

ای پیپر-دی نیشن