شیخوپورہ : کمپلیکس کی دیوار گرانے پر لیگی رہنما کے خلاف مقدمہ
شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی )ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر سدرہ سلیم اور ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یوسف کاظمی نے شہباز شریف چلڈرن ہسپتال میں چھاپہ مار کر کنٹین میں گیس چوری کرتے ہوئے ٹھیکیدار اور اس کے عملہ کے خلاف مقدمہ درج کروادیا صدر پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے ذیلی ادارہ شہباز شریف مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس کی دیوار زبردستی گرانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت نواز لیگ کے رہنما چوہدری محمد یاسراقبال اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ، یہ مقدمہ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کی رپورٹ پر درج کیا گیا ہے، دریں اثناءپولیس نے شہباز شریف مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس کی کنٹین کے ٹھیکیدار رمضان کے خلاف سرکاری کنکشن سے سوئی گیس چوری کرکے کنٹین چلانے کا مقدمہ درج کرلیا ہے اسسٹنٹ کمشنر سدرہ سلیم نے ڈی سی او کی ہدایت پر گزشتہ رات چلڈرن کمپلیکس کا معائنہ کیا تو انکشاف ہواکہ چلڈرن کمپلیکس کی گیس کے کنکشن سے زیر زمین پائپ ڈال کر کنٹین پر چوری کی گیس استعمال ہورہی ہے جس میں بعض افسر بھی ملوث ہیں ایم ایس ڈاکٹر محمد یوسف کاظمی کی رپورٹ پر پولیس نے ٹھیکیدار رمضان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔