رمضان بازاروں میں ناقص انتظامات پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ڈسکہ، انچارج اوزان پتوکی معطل
لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قائم کردہ خصوصی ٹیموں نے مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور وہاںعوام کو اشیائے خوردونوش کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی‘ رمضان بازاروں میں موجود سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین کی سربراہی میں قصور‘ چونیاں اور پتوکی میں رمضان بازاروں کے دورے کے دوران پتوکی بازار کے انچارج اوزان کو معطل کر دیا گیا۔ ۔وزیراعلیٰ کی کابینہ کمیٹی‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا‘ سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر سیدگلزار شاہ اور سپیشل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے فیروزوالا‘ کامونکی‘ گوجرانوالہ اور ڈسکہ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا ۔ رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ڈسکہ کومعطل کر دیا گیا۔ صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی خان نے راولپنڈی میں رمضان بازار کمیٹی چوک میں خاتون کی شکایت پر غیرمعیاری پھل بیچنے پر سٹال ہولڈر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان نے رمضان بازار گلشن راوی کا دورہ کیا ۔سیکرٹری صحت پنجاب جوادرفیق ملک نے سمن آباد اور وحدت کالونی کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیااور شہریوں سے اشیاءکی کوالٹی‘ نرخ اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل نے ڈی سی او کے ہمراہ رمضان بازار غازی آباد کا دورہ کیا اور سٹالوں کا جائزہ لیا۔