ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے : مجتبیٰ شجاع
لاہور(خبر نگار)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ رمضان بازاروں میں بہتر کوالٹی اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی- انہوںنے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں بہتر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزراء، اعلی سرکاری حکام ، ڈی سی اوزاور ضلعی انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر دورے کر کے اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دہلی گیٹ اور بادامی باغ اور بیگم کوٹ شاہدرہ میں رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا- انہوںنے اشیاءکی کوالٹی کا معیار اور ان کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا اور خریداروں سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کیں-اس موقع پر ٹا¶ن انتظامیہ کے افسران اور میاں عامر فاروق، ملک سعید، ملک احمد بلا ، عظیم پاشا ، رضا بٹ اور دیگرافراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی رمضان بازاروںکے لئے فراہم کی گئی ہے اور سبزیاں و پھلوں کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کے ساتھ ساتھ دس کلو آٹے کا تھیلا 310 روپے میں اور چینی 52 روپے کلو دستیاب ہے - انہوںنے کہا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹور اور محکمہ زراعت کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جہاں سبزیاں اور پھل اعلی کوالٹی کا دستیاب ہے۔