یاسر شاہ نے سعید اجمل کی کمی کو پورا کر دیا
پاکستان نے سری لنکا سے گال ٹیسٹ جیت کر بہت عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے مصباح نے ٹاس جیت کر ایک بارش زدہ وکٹ پر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دیکر جیت کی بنیاد رکھ دی تھی اس ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ہی نہ ممکن ہو سکا اور ٹیسٹ کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل رکا رہا اس لئے بھی پاکستانی ٹیم کی جیت کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے سری لنکا 300 رنز پر آؤٹ ہو گیا مگر پاکستان 118 رنز پر 5 اہم وکٹ کھو کر سرفراز اور اسد شفیق کی عمدہ اننگز کی بدولت لیڈ لینے میں کامیاب ہو گیا اور بہت مدت کے بعد پاکستان کے آخری کھلاڑیوں نے سو رنز سے اوپر سکور فراہم کیا اور ذوالفقار بابر کی نصف سنچری کو مدتوں یاد کیا جائے گا۔ یاسر شاہ نے سعید اجمل کی کمی پوری کر دی میرے نزدیک لیگ سپنروں میں عبدالقادر کے بعد یاسر شاہ ایک عمدہ باؤلر بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے تھوڑے ہی عرصے میں اپنی لیگ سپن کا لوہا منوا لیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ کے لئے ایک بری خبر ہے کہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ایک مرتبہ پھر رپورٹ ہو گیا جس کا مطلب ہے کہ اگر حفیظ پر اب پابندی لگی تو وہ عمر بھر کے لئے باؤلنگ نہ کروا سکیں گے۔ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف عمدہ جیت پر پوری قوم پاکستانی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ سری لنکا کو سری لنکا کے اندر شکست دینا آسان کام نہ تھا ویسے جب چوتھے دن سنگا کارہ آؤٹ ہو گیا تو پاکستان کی جیت کے 75 فیصد چانسز بن گئے تھے گو سری لنکا نے گال کی وکٹ سلو بنائی تھی مگر بارش اور نمی کی وجہ سے وکٹ نے ضرورت سے زیادہ سپن لی جو پاکستان کی جیت کا سبب بنا۔ پاکستان کے پاس سنہری موقع ہے سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اور یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہئے۔