• news

سندھ کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، ذاتی دلچسپی لیکر مسئلہ حل کرائیں، شکرگزار ہونگا زرداری کے وزیراعظم کو خط کی تفصیلات

کراچی (آن لائن+سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابقہ صدر آصف زرداری نے وزیراعظم نواز شریف کو جو خط لکھا ہے اسکی تفصیلات کے مطابق سابق صدر نے کہا وزیراعظم ذاتی دلچسپی لیکر سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرائیں کیونکہ صوبہ سندھ سخت گرمی کے موسم میں سخت لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہا ہے۔ آصف زرداری نے کہا میں آپکا شکر گزار ہونگا، اگر آپ صوبے کے عوام کو درپیش اس مسئلے کا نوٹس لیکر اسے حل کراتے ہیں۔ حکومت سندھ بجلی کے بقایاجات کی مد میں وفاقی حکومت کو 2 ارب 40کروڑ روپے ادا کرچکی ہے جبکہ وزیر بجلی کو نوڈیرو اور دادو میں چھوٹے بجلی گھروں کے بقایاجات، ٹیرف اور ہائڈرو اور ونڈ پاور پلانٹس کا معاملہ حل کرنا ہے۔ چھوٹے بجلی گھروں کو ادائیگیاں نہ کرنے کے باعث صوبے میں بجلی کی پیداوار کو سخت متاثر کیا ہے جس کے باعث چھوٹے بجلی گھر چلانے والوں نے اپنے پاور پلانٹس بند کرنے شروع کردیئے ہیں، جن کے بند ہونے سے صوبے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ روزانہ 20گھنٹے تک بڑھ جائیگا اور یہ صورتحال رمضان کے مہینے اور گرمی کے اس موسم میں ناقابل برداشت ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن