• news

’’پیسے ختم ہوئے نہ ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کو بے یارومددگار چھوڑا‘‘

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ دانش کلیم نے میڈیا میں آنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی کہ یورپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس پیسے ختم ہو گئے، فیڈریشن اور ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ بیلجیئم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے دانش کلیم نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے پاکستان ٹیم کی اولمپک 2016ء کے لئے کھیلنے جانے والے کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت ممکن ہوئی جس نے ہوٹل، کھانے پینے سمیت ہوائی سفر کے تمام اخراجات ادا کئے۔انہوں نے کہا کہ ایسی منفی باتوں سے ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال گرتا ہے، ہماری ٹیم یورپ میں اہم ٹورنامنٹ کھیلنے میں مصروف ہے جس میں وہ اپنا اگلا میچ 24 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ قومی کھلاڑی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کر لیں گے۔ ٹیم کو یہاں فائیو سٹار ہوٹل میں رکھا گیا ہے، کھانے پینے سمیت کھلاڑیوں کو کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن