آئی سی سی کا اجلاس ویسٹ انڈیز میں شروع، صدر کے لئے ظہیر عباس کی منظوری دی جائے گی
بارباڈوس (آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس بارباڈوس میں شروع ہو گیا ، ابتدائی روزایسوسی ایٹ وایفیلیٹ ممبرز میٹنگ کے ساتھ چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کا بھی اجلاس ہوا، جمعے تک اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی سی سی کے میمورنڈم میں ترمیم ایجنڈے میں سرفہرست ہے، سری لنکا کرکٹ میں حکومتی مداخلت کا بھی جائزہ لیا جائے گا، نئے آئی سی سی صدر کیلئے پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس کی نامزدگی کی منظوری دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آنٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں شورع ہو گئی، دنیا بھر کے 50 ڈیلی گیٹس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں اور ان کی میزبانی کے فرائض بارباڈوس کرکٹ ایسوسی ایشن انجام دے رہی ہے۔ یہ امریکاز ریجن میں کرکٹ کے منتظمین کاسب سے بڑا مجمع ثابت ہونے والا ہے۔ سالانہ کانفرنس کا آغاز گزشتہ روز ایسوسی ایٹ اینڈ ایفیلیٹ ممبرز میٹنگ سے ہو ا، چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کا دو روزہ اجلاس بھی شروع ہوگا جوکہ(آج) منگل کو بھی جاری رہے گا۔بدھ کے روز ایچ آر کمیٹی، ایگزیکٹیو کمیٹی، سالانہ کانفرنس اور گورننس کمیٹی میٹنگز منعقد ہوں گی۔ جمعرات کو فنانس اور کمرشل افیئر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ بدھ سے جمعے تک آئی سی سی، آئی ڈی آئی اور آئی بی سی بورڈ میٹنگز بھی جاری رہیں گی۔ ان میٹنگز کے ایجنڈے میں آئی سی سی میمورنڈم اورآرٹیکل آف ایسوسی ایشن میں ترمیم، آئی سی سی کے نئے صدر کیلیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد کردہ امیدوار ظہیر عباس کے نام کی منظوری، سربیا کی جانب سے آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر شپ درخواست پر غور، سری لنکا میں حکومتی مداخلت اور اس معاملے پر حاصل ہونے والی اپ ڈیٹس پر غور کیا جائے گا، یو ایس اے کرکٹ ایسوسی ایشن کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔ اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کے چیئرمین کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، کرکٹ کمیٹی کی سفارشات پر بھی غور ہوگا۔ ان میٹنگز میں پاکستان کی نمائند گی چیئرمین بورڈ شہریار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کر رہے ہیں۔