سربراہ انسپکشن ٹیم وزیراعلی سندھ سابق چیف سیکرٹری کی نیب کارروائی رکوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواستیں
کراچی(وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ کی انسپکشن ٹیم کے سربراہ عبدالسبحان میمن اور سابق چیف سیکرٹری غلام علی پاشا نے نیب کی کارروائیاں رکوانے کے لئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ عبدالسبحان میمن کی جانب سے نیب انکوائری روکنے کے لئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں اخبارات کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ نیب نے میرے خلاف زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی انکوائری شروع کردی ہے اور خدشہ ہے کہ نیب انہیں گرفتار کرلے گی اس لئے نیب کو کارروائی سے روکا جائے۔ عدالت نے چیئرمین نیب اور دیگر کو 29 جون کے لئے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔