کراچی میں گرمی سے 400 سے زائد افراد کی موت بڑا المیہ ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ گرمی اور حبس سے کراچی جیسے شہر میں 400 سے زائد افراد کا لقمہ اجل بن جانا بہت بڑا المیہ ہے ۔ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے تمام حکومتی دعوے ہوا میں تحلیل ہو چکے ہیں۔ حکمران ذاتی تشہیر کے لئے اربوں روپے کے اشتہارات سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں ذاتی تشہیر پر خرچ کرنے کے بجائے یہی پیسہ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرتیں تو مہنگائی اور بے روز گاری سمیت بہت سے بحرانوں پر کافی حد تک قابوپایا جاسکتا تھا۔ حکمران خود سب سے بڑا مسئلہ بن چکے ہیں جب تک یہ نااہل اور خود غرض حکمران اقتدار پر قابض رہیں گے، مسائل مزید گھمبیر ہوتے جائیں گے ۔ملک وقو م کی بھلائی اسی میں ہے کہ بدیانت اور کرپٹ لوگوں سے نجات حاصل کرکے دیانت دار اور باصلاحیت لوگوں کو آگے لایا جائے، ملک میں نفاذ شریعت ہی تمام مسائل کا حل ہے ۔قوم رمضان المبارک میں اللہ سے عہد کرے کہ جس طرح انہوں نے قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دی تھیں اسی عزم کے ساتھ تحریک تکمیل پاکستان اور نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کیلئے گھروں سے نکلے گی۔ منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج خوش آئند ہے ۔اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ آواز اٹھائے اور متحد ہوکر حکومت پر دبائو بڑھایا جائے۔