گرمی لوڈشیڈنگ سے اموات پر نااہل حکمرانوں کیخلاف مقدمے ہونے چاہئیں: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور لو ڈشیڈنگ کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی اموات پر دلی افسوس ہے اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ بجلی منصوبوں کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ میٹرو بس کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہو سکتے ہیں تو بجلی کے منصوبے کیوں نہیں؟ افسوس عالمی سطح پر پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکمران توانائی بحران پر قابو نہ پا سکے۔ لندن سے مرکزی میڈیا سیل کے ذمہ داروں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیمتی جانی نقصان پر مقدمات بے حس حکمرانوں کے خلاف درج ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان وزیر اعظم، ایوان صدر اور ایوان وزرائے اعلیٰ لوڈ شیڈنگ فری ہیں۔ اس لئے حکمرانوں کے کانوں تک عوام کی چیخیں نہیں پہنچ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے روزہ داروں اور عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا۔ حکمرانوں نے 6ماہ میں بجلی کا بحران ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا اب ہر روز ایک نئی تاریخ دے رہے ہیں ۔ ان کے پاس توانائی کے بحران کا حل یا کو ئی پالیسی ہوتی تو روز قوم کے سامنے نیا جھوٹ نہ بولتے۔