بینظیر قتل کیس‘ مارک سیگل کی شہادت کیخلاف مشرف کی درخواست خارج
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے سانحہ لیاقت باغ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کی وڈیو لنک کے ذریعے شہادت قلمبند کرنے کا فیصلہ منسوخ کرنے کی درخواست فریقین کے وکلاء کی بحث کے بعد خارج کر دی۔ یہ درخواست سابق صدر مشرف کی طرف سے دی گئی تھی۔ پیر کو جیل ٹرائل کے دوران ایف آئی اے کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر چودھری محمد اظہر نے استغاثہ کا ایک گواہ اسد کو غیر ضروری قرار دے کر ترک کر دیا۔ عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔