سانحہ ڈسکہ: مرکزی ملزم شہزاد وڑائچ پر فرد جرم عائد، کئی شہروں میں وکلا کی ہڑتال
گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+ وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران) انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت نے سانحہ ڈسکہ کے مرکزی ملزم پولیس انسپکٹر شہزاد وڑائچ پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ سانحہ کیخلاف وکلا نے لاہور، پنڈی بھٹیاں اور ٹوبہ سمیت کئی شہروں میں ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 2 کی جج بشریٰ زمان نے سانحہ ڈسکہ کیس کی سماعت سینٹرل جیل کے کورٹ روم میں کرتے ہوئے ملزم شہزاد وڑائچ پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کر تے ہو ئے وکیل کرنے کیلئے عدالت سے مہلت ما نگی جس پر فاضل جج نے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔ دوسری طرف ڈسکہ واقعہ کے خلاف لاہورکے وکلا کی ہڑتال کا سلسہ جاری ہے۔گذشتہ روز بھی وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ پنجاب بار کے نمائندے کے مطابق وکلا کے مطالبات مان لئے گئے ہیں اسلئے ہر پیر کو ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے خاتمہ کی اطلاع بروقت نہ ہونے پر گذشتہ روز وکلا نے ہڑتال کی۔ پاکستان بار کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پیر کی ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری جانب وکلا کی جزوی ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پنجاب بار کونسل کی اپیل پر بار ایسوسی ایشن پنڈی بھٹیاں نے مکمل ہڑتال کی۔ جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن رائے محمد اظہر جاوید کھرل نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے اس کیس کو تیزی کے ساتھ سماعت کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ ڈسٹرکٹ بار ٹوبہ ٹیک سنگھ نے بھی مکمل ہڑتال کی۔ وکلا اپنے مقدمات کے سلسلہ میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہائوس اجلاس نے سانحہ ڈسکہ کے فیصلہ تک ہر سوموار کو عدالتی بائیکاٹ کئے بغیر یوم سیاہ منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران احتجاجی کیمپ مال روڈ (جی پی او چوک) سے ہٹا کر ڈیموکریٹک لان لاہور ہائیکورٹ بار میں منتقل کر دیا جائے۔ سینئر وکیل عبدالرشید قریشی کے خلاف مقدمہ کے اندراج کی مذمت کی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کی تمام اہم پوسٹوں اور تھانوں میں تعینات کریمنل ریکارڈ ہولڈر افسروں اور ایس ایچ اوز کو فی الفور ہٹایا جائے۔ قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ایم عرفان عارف شیخ کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ بار کا سانحہ ڈسکہ کے حوالہ سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار بیرسٹر محمد احمد قیوم اور فنانس سیکرٹری کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اعظم نذیر تارڑ نے سانحہ ڈسکہ کیس کے حوالہ سے ہائوس کو کیس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ممبر پنجاب بار کونسل محمد رفیق جٹھول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے تمام وکلاء اور شہداء کے لواحقین ملک بھر کے وکلاء کے مشکور ہیں۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار احمد قیوم نے کہا کہ ہمارے بھائی شہید کئے گئے اور ہم پولیس کی زیادتی کا شکار ہوئے ہیں۔ ہمیں انصاف چاہئے۔ ایم عرفان عارف شیخ قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ ہم مظلوم ہیں اور انصاف کے متلاشی ہیں اور قانون کے دائرہ میں رہ کر انصاف کے حصول کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں۔