افغان پارلیمان نے اپنی مدت میں توسیع کے صدارتی حکم نامے کی توثیق کر دی
کابل (اے پی پی) افغان پارلیمان نے اپنی مدت میں توسیع کے صدارتی حکم نامے کی توثیق کردی جس کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ ہفتے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت موجودہ پارلیمان کی مدت میں نئے انتخابات تک توسیع کردی گئی تھی۔ افغان پارلیمان کی پانچ سالہ آئینی مدت 22 جون کو مکمل ہوچکی تھی۔ تاہم پارلیمان کے خصوصی اجلاس نے صدارتی حکم نامے کی توثیق کردی جس کے بعد موجودہ پارلیمان کے آئندہ انتخابات تک کام جاری رکھنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ افغانستان میں نئے پارلیمانی انتخابات رواں سال اپریل میں ہونا تھے لیکن سکیورٹی خدشات اور اختلافات کے باعث ملتوی کردیئے گئے تھے۔