حبس بے جا میں رکھے شہری کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کرنے پر ہائیکورٹ برہم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) حبس بیجا میں رکھے شہری کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کرنے پر جسٹس عبدالسمیع خان نے پولیس اہلکاروں پر سخت اظہار برہمی کیا۔ فاضل عدالت نے شہری کی ہتھکڑی فوری کھولنے کی ہدایت کی تو پولیس اہلکاروں نے چابی نہ ہونے پر ہتھکڑی کو کمرہ عدالت کے باہر اینٹیں مار کر توڑا جس سے زنجیر ٹوٹ گئی مگر شہری کے ہاتھوں پر موجود کڑیاں نہ کھل سکیں۔ گزشتہ روز عدالتی حکم پر تھانہ بھوآنہ ضلع چنیوٹ کے پولیس اہلکاروں نے حبس بیجا میں رکھے پرویز نامی شہری کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا۔ جس پر عدالت نے پولیس اہلکاروں پر سخت اظہار برہمی کیا۔ ہتھکڑیاں توڑنے کے بعد پرویز کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے اسے فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسکا طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران پرویز درد کی شدت سے روتا رہا اور عدالت کو پولیس تشدد سے آگاہ کیا۔ جس پر عدالت نے آر پی او فیصل آباد کو پرویز نامی شہری کو حبس بیجا میں رکھنے پر تھانہ بھوآنہ کے ایس ایچ او اور تفتیشی سب انسپکٹر ظفر اقبال وٹو کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
اظہار برہمی