خیبر پی کے کو اسکے حصے کی بجلی فراہم نہ کرنا آئینی خلاف ورزی ہے: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے صوبے کو اسکے بجلی کے حصے میں کمی کو آئینی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ خیبرپی کے حکومت واپڈا اور پیسکو کی جانب سے اس آئینی خلاف ورزی کے ارتکاب پر عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ دیگر اقدامات بھی کرے گی۔ خیبرپی کے کیلئے مختص کردہ 1782میگاواٹ حصے میں پیسکو کی جانب سے 531 میگاواٹ کی کمی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا کہ پیسکو نے ہمارے صوبے کے حصے کی بجلی دوسرے صوبوں کو دیکر خیبرپی کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میںمبتلا کرنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کہا کہ آئین کے مطابق بجلی کی کل پیداوار میں خیبرپی کے کا حصہ 13.5 فیصد بنتا ہے۔ پرویز خٹک نے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ خیبرپی کے میں ناروا لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اعلیٰ اور موثر سطح پر فیصلے کرے۔
پرویز خٹک