• news

فیصل آباد: بچے کا قاتل ایس ایچ او 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+خبر نگار) ماڈل تھانہ پیپلزکالونی کے قاتل ایس ایچ او اور تین اہلکاروں کو علاقہ مجسٹریٹ نے پانچ دن کے لئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایس ایچ او کو عدالت میں پیش کرنے کی کوریج کرنے والے ٹی وی کیمرہ مین اور صحافیوں پر پولیس کا وحشیانہ تشدد، کیمرے چھین کر ایلیٹ کے جوان، ٹھڈے اور رائفل کے بٹ مارتے رہے جس پر کیمرہ مینوں اور صحافیوں نے سی پی او آفس کے باہر احتجاج کیا اور ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پیپلزکالونی کے علاقے میں دو روز قبل سبینہ پارک میں دسویں جماعت کا طالب علم فرحان احمد اپنے دوست کے ہمراہ کھلونا پسٹل سے پارک میں فوٹوشوٹ کر رہا تھا تھانہ پیپلزکالونی کے ایس ایچ او فریاد حسین چیمہ نے ساتھیوں کی مدد سے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 15سالہ فرحان جاں بحق جبکہ فہد زخمی ہو گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر ایس ایچ او اور تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد ایس ایچ او فریاد چیمہ کو علاقہ مجسٹریٹ محمد آصف کی عدالت میں پیش کیا گیا تو فاضل عدالت نے قاتل ایس ایچ او اور اس کے تین ساتھیوں کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر صحافی منتشر ہو گئے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ شہبازشریف نے پولیس اور میڈیا کے نمائندوں میں جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
ایس ایچ او/ ریمانڈ

ای پیپر-دی نیشن