پانی بحران : کالا باغ ڈیم پر سندھ کے تحفظات دور کرنے کیلئے ماہرین کا اجلاس بلایا جائے : الطاف حسین
لندن (نوائے وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے بحران کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر سندھ کے تحفظات دور کرنے کیلئے چاروں صوبوں کے ماہرین کا اجلاس بلایا جائے۔ ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکرٹریٹ لندن میں اجلاس سے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران، گیس کی کمی اور پانی کی عدم دستیابی نے قیامت برپا کر رکھی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف کراچی میں ہیٹ سٹروک سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو قصور وار ٹھہرا رہی ہیں جو افسوسناک ہے۔ الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور ہیٹ سٹروک سے بچاﺅ کیلئے قائم سینٹرز میں پانی کی بوتلیں، او آر ایس، ضرورت ادویات کی فراہمی اور سرد خانوں کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، پانی ذخیرہ کرنے کے لئے ملک بھر میں چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں۔
الطاف حسین