نائن زیرو پر رینجرز چھاپے میں متحدہ کے کارکن کے قتل کا ملزم شہداد پور سے گرفتار آصف 12 مئی کو پکڑا گیا: رابطہ کمیٹی
کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز نے نائن زیرو پر کارروائی کے دوران وقاص شاہ نامی کارکن کی ہلاکت میں ملوث آصف علی کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزم آصف علی کی گرفتاری سندھ شہداد پور سے عمل میں آئی ہے جہاں وہ روپوش تھا۔ واضح رہے کہ وقاص شاہ تقریباً تین ماہ قبل 11 مارچ کی صبح نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق آصف علی گلستان جوہر کا یونٹ انچارج بھی رہ چکا ہے اور وہ علاقہ مکینوں سے بیریئر لگوانے کے نام پر بھتہ لینے کے علاوہ مارکیٹوں اور دکانوں سے بھتہ وصولی میں بھی ملوث ہے۔ دوسری جانب رابطہ کمیٹی نے آصف علی کو وقاص علی شاہ کے قتل میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رینجرز نے ایم کیو ایم گلستان جوہر سیکٹر کے کارکن آصف علی کو 12 مئی کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں ایم کیو ایم کے دیگر کارکنوں کی طرح غائب کردیاگیا تھا اور آج ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔