کراچی اور اندرون سندھ ہلاکتیں حکومتی نااہلی کا ثبوت ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کراچی اور اندرون سندھ میں لو لگنے سے سینکڑوں لوگوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی نااہلی کا ثبوت اور مس مینجمنٹ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت محض نمائشی اقدامات سے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت اخبارات اور ٹی وی پر کروڑوں روپے اشتہارات دے کر اپنی کامیابیوں کا پروپیگنڈا کرنے کے بجائے اگر یہی رقم بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کرتی تو لوڈشیڈنگ میں قدرے کمی لائی جاسکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہم بجلی پیدا کرنے کے میگا پراجیکٹس کے مخالف نہیں لیکن حکومتی ترجیحات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ حکومت کو چاہئے تھاکہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر عمل کرتے ہوئے بجلی کی پیداوار کو بڑھاتی مگر حکمرانوں کی غیر سنجیدگی سے واضح ہو گیا ہے کہ حکومت اپنے باقی ماندہ دور اقتدار میں بھی بجلی کا مسئلہ حل نہیں کر سکے گی۔ آج وہ پارٹیاں بھی مجرموں کی صف میں کھڑی ہیں جنہوں نے بار بار ایم کیو ایم کو حکومت میںشامل کر کے انہیں کھل کھیلنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہاکہ صولت مرزا کے انکشافات کے بعد مجرموں کے خلاف تیزی سے کاروائی ہونی چاہئے تھی۔ بھارت سے اسلحہ اور تخریب کاری کی تربیت حاصل کرنے کا الزام ایم کیو ایم پر نیا نہیں، رینجرز کی حراست میں موجود درجنوں مجرموں نے بھارت سے تخریب کاری کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا ہے اب حکومت کو بھارت کے خلاف عالمی ادارہ انصاف سے رجوع کرنا چاہئے علاوہ ازیں سراج الحق تین روزہ دورے پر آج 26 جون کو کراچی جائیں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ہسپتال کا افتتاح کریں گے اور جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام آل پارٹیز افطار ڈنر میں شریک ہونگے۔
سراج الحق