• news

جھنگ: سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 3 مزدور جاں بحق، ایک بے ہوش

جھنگ (نامہ نگار) چاندنی چوک خاکی شاہ روڈ سیوریج پائپ لائن کی صفائی کے دوران تین مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ایک بے ہوش ہو گیا۔ خاکی شاہ روڈ سیوریج پائپ لائن کے منصوبے پر پچھلے 10سال سے کام جاری تھا، دوران کام ایک مزدور پائپ لائن کی صفائی کے لیے تقریباً 25 فٹ گہرے مین ہول میں داخل ہو ا تو گیسوں کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگیا اسے نکالنے کے لئے اس کے تین ساتھی مزدور مین ہول میں داخل ہوئے مگر دم گھٹنے کے باعث وہ بھی گڑھے میں بے ہوش ہوگئے جن کو نکالنے کے لئے ریسکیو ٹیموں کو بلایا گیا۔ خبر ملتے ہی ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ، ڈی ای او طارق سعید موقع پر پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی چند منٹ کے آپریشن کے بعد چاروں مزدوروں کو نکال لیا گیا جس میں سے تین مزدور نثار احمد، حاجی احمد اور اللہ دتہ دم گھٹنے کے باعث دم توڑ گئے اور زوار حسین بے ہوش ہوگیا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔ مزدوروں کا تعلق جگ روشن موضع پیر کوٹ سے تھا۔مقامی سیاستدان شیخ یعقوب کی جانب سے واقعہ میں مرنے والوں کی تدفین و دیگر اخراجات کےلئے ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ڈی سی او جھنگ کو بتایا عرصہ تقریباً 10 سال سے اس روڈپر کام جاری ہے اور کئی مرتبہ راہ گیر ان گڑھوں میں گر کر زخمی ہوچکے ہیں ۔ علاقہ مکینوں نے ڈی سی او نادر چٹھہ اور ٹی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے اس واقعہ کی انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
3مزدور جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن