پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میںڈ اکٹروں کی مبینہ غفلت، ایک شخص جاں بحق
پشاور(این این آئی) لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث ایک بار پھر ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ۔ لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث دو گھنٹوں تک ایمرجنسی بند رہی۔پبی کا رہائشی35 سالہ سفیر حادثہ میں زخمی ہوا تھا جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم ہسپتال میں ڈاکٹروںکی عدم موجودگی کے باعث سفیر چل بسا جس کے بعد لواحقین نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر کو بار بار مریض کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا مگر ڈاکٹر موصوف آنے کو تیار ہی نہیں تھے ،واقعہ کے بعد ڈاکٹر اور نرسیں ہسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئیں۔ حالات کنٹرول کرنے کےلئے پولیس کوطلب کرلیا گیا لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اس سے پہلے بھی کئی مریض ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث موت کی وادی چلے گئے مگر تاحال ہسپتال انتظامیہ نے کسی ڈاکٹر کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
پشاور/ ڈاکٹر غفلت