’’بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، الطاف کو کٹہرے میں آنا ہوگا‘‘
لاہور( اخصوصی رپورٹر)چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا کہ الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیو ایم کی ملک دشمن سرگرمیاں اور بھارت کی ایجنٹی کو بی بی سی کی رپورٹ نے ایکسپوز کردیا، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور اسکی گھنائونی سرگرمیوں کے بارے میں عمران خان کا دوٹوک موقف درست ثابت ہواجنہوں نے سب سے پہلے ایم کیوایم کا پردہ چاک کیا اور اس کے خلاف برطانیہ کے اداروں سے رجوع کرنے کا اعلان کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ حکومت کی بھی ناکامی ہے جس کی ناک کے نیچے ملک دشمن عناصر کام کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے معاشی مرکز اور ملک کے سب سے بڑے شہر کا امن تباہ کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اب "بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی"کے مصداق الطاف حسین اور اسکے ساتھیوں کو کٹہرے میں آنا ہوگا۔