• news

متحدہ کی پراپرٹی کمپنی میں بھارتی شہریوں کے لاکھوں پائونڈ جمع کرانیکا انکشاف

کراچی (سٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کی برطانیہ میں پراپرٹی کمپنی میں بھارتی شہریوں کی طرف سے لاکھوں پائونڈز جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ کمپنی کے ایک ڈائریکٹر بھی بھارتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کی نہ صرف برطانیہ بلکہ کینیڈا میں بھی پراپرٹی فرم رجسٹرڈ ہے۔ یورو پراپرٹی پرائیویٹ لمیٹڈ، یورو پراپرٹی ڈویلپمنٹ لمیٹڈ، یورو ڈویلپمنٹ اور یورو پراپرٹی کینیڈا کے نام سے قائم کمپنیوں کے اکائونٹس میں تین بھارتی شہریوں نے ایک ملین پائونڈ سے زائد رقم 2012ء اور 2013ء میں جمع کرائی۔ ان اکائونٹس اور رقوم جمع کرانے کی تفصیلات کا علم سکاٹ لینڈ یارڈ کو منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے دوران ہوا۔ ان اکائونٹس اور رقوم کی منتقلی کے ثبوت بھی سکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس موجود ہیں۔ الطاف حسین 25 جون 2006ء کو یورو پراپرٹی کمپنی کے ڈائریکٹر بنے۔ اسکے ایک دن بعد انکے قریبی ساتھی محمد انور کو بھی ڈائریکٹر بنایا گیا۔ منی لانڈرنگ کا مقدمہ بننے تک دونوں لیڈر اس کمپنی کے ڈائریکٹر رہے اور 16 جنوری 2014ء کو کمپنی سے استعفیٰ دیا۔ اسکے بعد ایک دن کیلئے ایم کیو ایم کے رہنمائوں عادل صدیقی اور سہیل منصور کو ڈائریکٹر بنایا گیا اور دوسرے ہی روز استعفیٰ لے لیا گیا۔ اسکے بعد کمپنی کے تین ڈائریکٹر بنائے گئے جن میں ارشد عبداللہ وہرا، قاسم علی اور اظہار الدین خان شامل ہیں۔ اس سال 31 مئی کو بھی اس کمپنی کے اکائونٹس میں 12 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن