گیلانی نے ترک خاتون اول کا ہار واپس بھجوا دیا، نادرا حکام نے وصول کر لیا
اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے بھیجا گیا ترک خاتون اول کا گمشدہ ہار کابینہ ڈویژن، توشہ خانہ انتظامیہ اور دفترخارجہ کے انکار کے بعد بالآخر نادرا نے وصول کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ترک خاتون اول ایمان اردگان کا گمشدہ ہار گزشتہ روز لیکر یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل افسر اعزاز نیازی دفتر خارجہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے لہذا حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹ جاری ہونے کے بعد ہار کو توشہ خانہ میں جمع کرایا جا سکے گا۔ جس کے بعد اعزاز نیازی ہار لے کر وزیراعظم ہائوس کے توشہ خانہ پہنچے جہاں انتظامیہ نے یہ کہہ کر ہار لینے سے انکار کردیا کہ ان کے پاس ایسا حکم نامہ موجود نہیں کہ وہ یہ ہار براہ راست لے سکیں۔ اسی طرح کابینہ ڈویژن نے بھی ترک خاتون اول کا گمشدہ ہار لینے سے صاف انکارکردیا۔ بعد ازاں اعزاز نیازی ہار لے کر نادرا پہنچے جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے افضل نیازی کی موجودگی میں ہار جمع کرادیا گیا جس کے بعد ہار جمع کرانے کے بعد رسید ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کے حوالے کردی گئی۔ ہار ایک تقریب کے دوران نادرا حکام کے حوالے کیا گیا۔ واضح رہے کہ ترکی کی خاتون اول ایمان طیب اردگان نے 2010ء کے سیلاب سے متاثرہ مظفر گڑھ کے دورے کے دوران اپنے شوہر رجب طیب اردگان اور اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انکی حالت زار دیکھ کر انہوں نے اپنا گلے کا ہار انکی مدد کیلئے عطیہ کر دیا تھا یہ ہار بعد میں غائب ہو گیا۔