• news

امریکی سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دیدیا

واشنگٹن (رائٹر + نیٹ نیوز) امریکی سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دیدیا ہے۔ یہ فیصلہ 5-4 کی اکثریت سے دیا گیا ہے۔ جسٹس انتھونی ایم کینڈی نے اکثریتی فیصلہ لکھا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ہم جنس پرست مردوں اور عورتوں (کے جوڑوں) کو شادی کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ چیف جسٹس جان جی رابرٹس جونیئر اور جسٹس انٹونن سکیلیا اور کلیرنس تھامس نے مخالفت میں لکھا ہے کہ آئین اس معاملے پر کچھ نہیں کہتا جسٹس سکیلیا نے جسٹس کینڈی کی جانب سے استعمال کی گئی زبان کا مذاق اڑایا ہے۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ کئی دہائیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ ہم جنس پرستی کی حامی تنظیموں نے اس پر بہت زیادہ خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس فیصلے کو ہم جنس پرستوں کے حقوق کی تنظیم نے اپنی فتح قرار دیا ہے۔ عدالت نے اکثریتی فیصلہ میں لکھا ہے کہ امریکی آئین حقوق کے مساوی تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اس کے تحت ریاستیں ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی نہیں لگا سکتیں۔ یہ قانون امریکہ کی 50 ریاستوں میں نافذالعمل ہو گا۔ امریکی سپریم کورٹ میں کینڈی چوتھے لبرل جج ہیں۔ صدر اوباما نے اسے برابری کے حقوق کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔صدر اوبامہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کی فتح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن