پاکستان سپورٹس بورڈ نے فٹبال فیڈریشن انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے فیفا کو خط لکھ دیا
لاہور (چودھری اشرف) پاکستان سپورٹس بورڈ نے 30 جون کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کو مانیٹر کرنے کےلیے فیفا کونمائندہ لاہور کے اجلاس میں بھجوانے کا باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔ وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ کی جانب سے فیفا ہیڈ کوارٹر بھجوائے گئے خط میں کہا ہے کہ فیصل صالح حیات کی زیر نگرانی چلنے والے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے حکومت کے ساتھ اپنی رکنیت کو ختم کر رکھا ہے۔فیفا اور اے ایف سی سے الحاق رکھنے والی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے بھی 30 جون کو شانگلہ گلی میں ہونے والے پی ایف ایف کے انتخابات کو مانیٹر کرنے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن بھی پی ایف ایف انتخابات کے حوالے سے خاموش ہے ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ وہ 30 جون کو انتخابات کے لیے اپنا کوئی نمائندہ وہاں بھجوائے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ پیر کو کیا جائے گا۔