• news

انگریزی میں بھی اسلامی شعائر کو انکے اصل ناموں کیساتھ لکھا اور پکارا جائے : سینٹ قائمہ کمیٹی مذہبی امور میں قرارداد منظور

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+صباح نےوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک دن عید منانے کے معاملہ پر اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی و ارکان کو بلا لیا ہے جس میں کمیٹی کو مضبوط کرنے کے لیے قانون سازی سے متعلق سفارشات کی جائیں گی۔کمیٹی نے حکومت کو اپنے اختیار کے مطابق اسلام آباد اور فاٹا میںچھٹی سے 10 ویں جماعت تک عربی کو لازمی قرار دینے اور ایک سے پانچویں جماعت تک سکولوں میں قرآن پاک ناظرہ و ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کے لیے قانون بنانے کی سفارش کی ہے۔ انگریزی میں بھی اسلامی شعائر کو ان کے اصل ناموں کے ساتھ لکھنے، پڑھنے اور پکارنے کا پابند بنانے کا قانون بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اس ضمن میں قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا ہے جس کے تحت انگریزی میں اﷲ تعالیٰ، نبی، رسول، صلوة،صوم کے الفاظ استعمال کرنے اور لکھنے کے بارے کہا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس جمعہ کو کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر حافظ حمداﷲ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ وزیر مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ سکولوں میں عربی زبان کو لازمی قرار دینے اور قرآن پاک کو ناظرہ و تفسیر کے ساتھ پڑھانے کے قانون کے لیے اسلام آباد میں صوبوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس ہوگا۔انگریزی میں اسلامی شعائر اصل ناموں کے ساتھ لکھنے اور پڑھنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی سفارشات دی ہیں۔ وزارت قانون و انصاف کے حکام نے موقف اختیار کیا تھا کہ تعلیم صوبائی معاملہ ہے 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں نے قانون بنانا ہے۔ سینیٹر راجہ ظفر الحق اور دیگر ارکان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عربی اور قرآن پاک کی تعلیمات سے متعلق قانون بنانے سے وفاق اور فاٹا کو کس نے روکا ہے جس کام کو نہ کرنا ہو تو ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے 8ویں ترمیم کا بہانہ تلاش کر لیا جاتا ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ اسلامی اقدار کا تحفظ، فروغ اور اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ عربی کو لازمی مضمون قرار دینے اور قرآن پاک ناظرہ، ترجمہ، تفسیر کے ساتھ پڑھانے کے لیے اسلام آباد سے متعلق قانون بنانے کو تیار ہیں۔ کمیٹی نے ایک دن عید منانے کے لیے آئندہ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ سمیت ارکان کو مدعو کر لیا کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں حج کوٹوں کی تقسیم کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر حمد اللہ نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی 20 سال سے قائم ہے جو بہت متنازع ہوچکی ہے، قائمہ کمیٹی نے ٹی وی چینلز پر اخلاقی اقدار کے فروغ کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کو پروگرام چلانے کی سفارش بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن