اوگرا سکینڈل کے عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے اوگراسکینڈل کے عدالتی فیصلہ پرعملدرآمد کے حوالے سے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرتے ہوئے احتساب عدالت سے ریفرنس کی آرڈرشیٹ طلب کرتے ہوئے نیب کے گواہ کوتحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پرجسٹس جواد نے کہاکہ عدالت یہ سوال پہلے ہی اٹھا چکی ہے کہ نیب جیسے ادارے کے چیئرمین کی عدم موجودگی کے باعث ادارے کاکام متاثرہوگا ابھی تک ہمیں اس سوال کاجواب نہیں مل سکا، اوگراکے سابق چیئرمین توقیر صادق نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ اس کیس میں ان کیخلاف ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے فیصلہ احتساب عدالت ہی کرے گی جسٹس شیخ عظمت نے کہاکہ ریفرنس میں عدالت کو اس سوال کا جواب نہیں ملے گا جس کاہم نے فیصلہ کرنا ہے جسٹس جواد نے کہاکہ یہ اہمیت نوعیت کاسوال ہے کہ اگر چیئرمین نیب کی تقرری میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت میں تاخیر ہو اور یہ عہدہ بدستور خالی رہے تو ادارے کی کارکردگی متاثر ہو گی۔ سماعت کے دوران یاسین نامی ایک گواہ کی جانب سے اس کے وکیل نے عدالت کوبتایاکہ وہ اس کیس میں ستمبر2014 ءسے پیش ہورہے ہیں لیکن نہ تواس کا بیان لیا جا سکا نہ کسی نے ان پرجرح کی ہے دوسری طرف ان کو مختلف اطراف سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور ہمیں کوئی تخفظ بھی حاصل نہیں جسٹس جواد نے ان سے کہاکہ متعلقہ فورم پر درخواست دیں۔ گواہ کے وکیل نے بتایاکہ چیئرمین نیب کو درخواست دی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ یہ کیا بات ہے کہ نیب اپنے اتنے اہم گواہ کو تخفظ نہیں دے رہا اگر اسے ریفرنس میںدلچسپی نہیں تواسے واپس لے۔
اوگرا سکینڈل