عبدالرشید غازی قتل کیس : پولیس مشرف کو گرفتار کر کے چوبیس جولائی کو ہر صورت پیش کرے : عدالت
اسلام آباد (آئی این پی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو بھیجتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پولیس مشرف کو گرفتار کرکے 24جولائی کو ہر صورت عدالت پیش کرے‘ پرویز مشرف کے ضامنوں کو بھی نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی وارنٹ گرفتاری کے متن میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف بار بار عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ پرویز مشرف کے 10مارچ کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے مگر وہ پھر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اب پولیس مشرف کو گرفتار کرکے چوبیس جولائی کو ہر صورت عدالت پیش کرے۔ عدالت نے پرویز مشرف کے ضامنوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیئے جن میں کہا گیا ہے کہ ضامن بتائیں وہ پرویز مشرف کو آج تک عدالت میں کیوں نہیں پیش کرسکے کیوں نہ ضامنوں کے خلاف سیکشن 514 کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دریں اثنا اے پی پی کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف درج ججز نظر بندی کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 24 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرم نے ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے 24 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق مشرف کو 38 ویں بار ایک دن کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔