• news

ڈی جی ایل ڈی اے غلط فہمی میں نہ رہیں، لاہور ہائیکورٹ: احد چیمہ کو توہین عدالت کا نوٹس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی ایل ڈی اے غلط فہمی کاشکار ہیں۔ عدالتی حکم پر عمل کرانا جانتے ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے اگر انتظامی میٹنگ میں پیش ہو سکتے ہیں تو عدالت میں کیوں نہیں آ سکتے۔ ان کو متعدد بار بلایا مگر عدالتوں میں پیش نہ ہونا وطیرہ بنا لیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں ہو گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار افضل کی جانب سے بتایا گیاکہ عدالتی حکم پر ڈی جی ایل ڈی اے نے عمل نہیں کیا۔ ایل ڈی اے کے وکیل وقار اے شیخ نے بتایا کہ احد چیمہ کی طبیعت خراب ہے اس لیے پیش نہیں ہوئے تاہم بعد میں سرکاری وکیل نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں ہیں۔ فاضل عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ احد چیمہ نے عدالتی احکامات کو مذاق بنا رکھا ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو پہلے 12بجے اور پھر 2بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی۔ مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔ سرکاری وکیل کی طرف سے مزید مہلت کی استدعا کی گئی جسے فاضل عدالت نے مسترد کر دیا۔ سابق ڈی جی عبد الجبار شاہین گزشتہ روز پیش ہو گئے اور فاضل عدالت کے رو برو غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ روزے سے ہیں سچ کہتے ہیں کہ عدالتی حکم سے لاعلم تھے۔ فاضل عدالت نے غیر مشروط معافی منظور کر لی۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدالتی نوٹس ملنے پر تیزی سے کام کریں۔ فاضل عدالت نے احد چیمہ کو توہین عدالت کانوٹس جاری کرتے ہوئے 22جولائی تک سماعت ملتوی کردی۔

توہین عدالت نوٹس

ای پیپر-دی نیشن