پاکستان میں امن کیلئے بھارت کو افغانستان سے نکالنا ضروری ہے: حافظ سعید
گوجرانوالہ+لاہور (نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کیلئے بھارت کو افغانستان سے نکالنا بہت ضروری ہے۔ وطن عزیز کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں اور تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے۔ زلزلہ، سیلاب اور کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے پیش نظر ملک بھر میں ریسکیو کی تربیت حاصل کرنے والے ایک لاکھ سے زائد رضاکار موجود ہیں۔ گوجرانوالہ کی طرح پورے ملک میں ریسکیو سنٹر قائم کر رہے ہیں۔ انڈونیشیا میں میانمار کے مسلمانوں کیلئے تین سو شیلٹر تعمیر کر رہے ہیں۔ روزانہ 3600 برمی مہاجرین کے سحروافطار کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ تھرپارکر سندھ اور بلوچستان میں کروڑوں روپے مالیت کے واٹر پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکز اقصیٰ گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع اور بعدازاں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے واٹر ریسکیو سنٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان بہت دیر سے سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ اب تو آرمی چیف اور وزارت خارجہ کے ذمہ داروں نے بھی واضح طور پر بھارتی سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور اصل صورتحال کھل کر دنیا کے سامنے آرہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک بھارت افغانستان میں موجود ہے وہ پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی سے باز نہیں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ پورے ملک میں ہر پچاس کلومیٹر کے فاصلہ پر ریسکیو سنٹر قائم کر رہے ہیں تاکہ روڈ ایکسیڈنٹ، آگ لگنے اور پانی میں ڈوبنے جیسے کسی بھی حادثہ کے پیش نظر متاثرین کو فوری طبی امداد پہنچائی جا سکے۔ جماعة الدعوة انڈونیشیا میں پہنچنے والے برمی مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد کے سحروافطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو خطہ میں تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن یہ مذموم سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ بھارت بھی اس بات سے خوفزدہ ہے کہ وہ اب مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ وہ وقت قریب ہے کہ جب کشمیر، فلسطین آزاد ہوں گے۔ آج کشمیر میں جگہ جگہ پاکستان کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ کشمیری اگر پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں تو پاکستان کو بھی ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے۔ مودی ڈھاکہ میں کھڑے ہو کر کہتا ہے کہ ہم نے مشرقی پاکستان کو توڑا۔ ہم کہتے ہیں کہ اب تمہاری سازشیں نہیں چلیں گی۔ پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب انہیں بھگتنا پڑے گا۔