اسلام نے ناجائز منافع خوری کو بدترین گناہ قرار دیا ہے: تنظیم اتحاد امت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام 50 سے زائد مفتیان کرام کے شرعی اعلامیہ کی تائید میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ’’یوم انسداد ناجائز منافع خوری‘‘ منایا گیا ۔اس سلسلہ میں ملک بھر کی مساجد میں ’’اسلام میں ناجائز منافع خوری کی ممانعت اورملاوٹ ذخیرہ اندوزی کی شرعی سزا‘‘کے موضوع پر خطبات جمعہ دئیے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان محمد ضیاء الحق نقشبندی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ناجائز منافع خوری کو بدترین گناہ قرار دیاہے۔ ناجائز منافع خوری کا ارتکاب کرنے والے رمضان کی رحمتوں اور برکتوں سے محروم رہتے ہیں۔ علامہ محمد نعیم جاوید نوری نے کہا کہ رمضان المبارک کو دولت سازی کا ذریعہ بنانے والے عذاب الٰہی سے بچ نہیں سکیں گے۔ مفتی مسعود الرحمن نے کہا کہ رمضان المبارک میں ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھانا غیر اسلامی عمل ہے۔ مفتی محمد عمران حنفی نے کہا کہ تاجر حضرات خدا کا خوف کریں اور روزے داروں کی تکلیف کا سبب نہ بنیں۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ علماء معاشرتی برائیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔