• news

سیاسی جماعتوں پر پابندی کےخلاف ہوں، فوج ملک کی چوکیدار ہے قبضہ نہیں کرنا چاہئے: شیخ رشید

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کیخلاف ہوں۔ فوج ملک کی چوکیدار ہوتی ہے قبضہ نہیں کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگے ہیں اسے اپنی صفائی میں باہر نکلنا چاہئے۔ لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ ہمارے ملک میں جمہوریت پیسوں کی پازیب پہنے ناچتی ہے۔ قوم کی بدقسمتی ہے ایسا حکمران نصیب ہوا ہے ایک ہزار سے زائد لوگوں کے کراچی میں ہلاک ہونے پر نواز شریف وہاں نہیں پہنچے۔ ہونا یہ چاہئے تھا وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے وہ گھر سے نکلتے اور خود کراچی جا کر بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے مگر آصف زرداری کی ہمت نہیں ہوئی خود پہنچتے بلکہ بیٹے کو شہر میں بھیج دیا۔ آصف زرداری جہاں بھی بھاگیں ان کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو نمبر کی اپوزیشن اسمبلیوں میں بیٹھی ہے۔ فوج کرپٹ لوگوں کا احتساب کرے اور جو لوگ فوج میں بھی کرپشن میں ملوث ہیں ان کو بھی آڑے ہاتھوں لے۔ بجلی بحران کے حوالے سے شیخ رشید نے خواجہ آصف اور عابد شیر کو نااہل وزرا قرار دیا اور کہا کہ ساری قوم ان دونوں کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے اتحادی ہیں مگر صرف وہ ہی ہیں جو سب پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن