• news

رحیم یار خان، کار نہر میں گرنے سے ماموں 2 بھانجیاں، بھانجا اور بیٹی جاں بحق

رحیم یار خان (صباح نیوز+ نیوز ڈیسک) کوٹ سمایہ کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر عباسیہ کینال میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 کمسن بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو عملہ نے نہر میں گرنے والی کار کو 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد نہر سے باہر نکالا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز گلشن ناصر کا رہائشی محمد شفیق اپنی 2 بھانجیوں، ایک بھانجے اور بیٹی کے ہمراہ خان پور سے کار پر واپس رحیم یار خان آرہا تھا کہ کوٹ سمابہ واہی شاہ محمد کے نزدیک کار تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہو کر عباسیہ کینال میں جاگری۔ مقامی افراد نے کار میں سوار افراد کو نکالنے کی کوشش کی تاہم کار پانی کے تیز بہاﺅ کے باعث پل کے نیچے پھنس گئی۔ 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد کار کو عباسیہ کینال سے باہر نکال لیا گیا مرنے والے بچوں کی عمریں 3 سال سے لیکر 12 سال تک بتائی جاتی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں مریم، عائشہ، سمیع، حرمین اور محمد شفیق شامل ہیں۔ نعشوں کو ریسکیو کی مدد سے تدفین کیلئے گلشن ناصر منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق محمد شفیق کی بھانجیاں اور بھانجا فیصل آباد کے رہائشی ہیں جو چھٹیاں گزارنے اپنے ماموں کے گھر آئے تھے۔
کار/ نہر

ای پیپر-دی نیشن