• news

افغانستان : فورسز کی کارروائیاں 37 عسکریت پسند ہلاک‘ جھڑپ میں 12 پولیس اہلکار مارے گئے

کابل (اے پی پی) افغان سکےورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائی کے دوران 37 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، نورستان میں ایک ضلع پر طالبان کے قبضے کے بعد جھڑپوں میں 12 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، افغان وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 8 صوبوں میں فوجی آپریشن کیا گیا۔ بیان کے مطابق غزنی ، تخار، قندوز ، فاریاب، بدخشاں، سرائے پل اور ارزگان میں کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران 37 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ سکےورٹی فورسز نے دو عسکریت پسندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔صوبہ نورستان کے قائم مقام گورنر حافظ عبدالقیوم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ نورستان کے ضلع ونت ویگال پر طالبان کے قبضے کے بعد پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک لڑائی میں 12 پولیس اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغان سکےورٹی فورسز جنہیں فضائیہ کی حمایت بھی حاصل تھی چند گھنٹے کے بعد ضلع پر اپنا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔
افغانستان

ای پیپر-دی نیشن